جہلم،16 اگست (اے پی پی ): محرم الحرام کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ کی زیر قیادت شہر بھر میں انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کیجانب سے فلیگ مارچ کیا گیا۔ فلیگ مارچ میں افواج پاکستان اور رینجرز کے خصوصی دستوں نے بھی شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے فلیگ مارچ سے قبل ڈسٹرکٹ پولیس لائز جہلم میں افسران و ملازمین کو محرام الحرام کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔
فلیگ مارچ پولیس لائنز جہلم سے شروع ہو کر کچہری چوک، پیراغیب، چوک ،بلال ٹاؤن اور ٹاہلیانوالہ سے واپس سول لائن روڈ ،شاندار چوک ،جی ٹی ایس چوک ،چھاؤنی چوک اور جادہ چوک سے براستہ شاندار چوک واپس پولیس لائنز میں اختتام پزیر ہوا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ نے کہا کہ ضلعی پولیس محرام الحرام میں امن و امان اور سیکورٹی کو یقینی بنانے میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد ملک دشمن عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا اور انکے مزموم عزائم کو نا کام بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و عامہ کو برقرار رکھنا، لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول میں رکھنا اور عوام الناس کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔











