جیو اور ہم ٹی وی کی ٹیمیں رسجا انٹر میڈیا آزادی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں

33

اسلام آباد۔11اگست  (اے پی پی):جیو اور ہم ٹی وی کی ٹیمیں رسجا انٹر میڈیا آزادی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ سیمی فائنل میں ڈان اور دنیا ٹی وی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ مرزا محمد آفریدی نے کہاکہ وزیراعظم ملک میں کھیلوں کے گراونڈ آباد کرنے کیلئے پر عزم ہیں اور ہمیں ہسپتالوں کی بجائے اچھے گراونڈز بنانے ہوں گے۔ کھیلوں کے ذریعے دنیا کو امن کا پیغام جاتاہے، کھیلوں کے فروغ میں میڈیا کا کردار اہم ہے، انہوں نے کہا کہ کے پی ایل کا انعقاد شاندار ہے،کے پی ایل میں نئے کھلاڑیوں کو موقع ملے گا،نیشنل کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ہم ٹی وی نے ڈان ٹی وی کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ ڈان ٹی وی 7وکٹوں پر 89رنز بنا سکی۔وحید 27، ثنا اللہ 15رنز ڈان ٹی وی کی طرف سے بنا سکے ، ہم ٹی وی نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور میں پانچ وکٹوں پر پورا کر لیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں جیو  دنیا ٹی وی کیخلاف 10رنز سے کامیاب ہوگئی ۔ جیو ٹی وی نے دنیا کو فتح کیلئے 118رنز کا ٹارگٹ دیا ۔ جیو ٹی وی کے حسام احمد 39، علی تنولی 34رنز بنا کر نمایاں رہے ۔دنیا ٹی وی کے نصیر بھٹی نے 16رنز دیکر 5 کھلاڑی آئوٹ کئے ۔ جواب میں دنیا ٹی وی مقررہ 20اوورز میں 107رنز بنا سکی۔ جیو ٹی وی کے ارفع فیروز نے تین، علی تنولی نے دو کھلاڑی آوٹ کئے۔