حکومت ملک میں کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے خصوصی طور پر توجہ دے رہی ہے؛ جمشید اقبال چیمہ

17

ملتان،  09اگست (اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائےفوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ   جمشید اقبال چیمہ نے  کہا  ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں زرعی شعبہ خاص طور پر کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے خصوصی طور پر توجہ دے رہی ہے تاکہ ملک میں ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی تیزی سے ترقی کرے ۔

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں اور زمینداروں کو نئی زرعی ٹیکنالوجی اور جدید زرعی مشینری سے روشناس کروانے کیلئے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں اس مقصد کیلئے حکومت نے 81نئی زرعی مشینیں کاشتکاروں کو سبسٹڈی کے تحت دینے کیلئے 28ارب روپے مخصوص کیے ہیں جبکہ 10ہزار ارب روپے مختلف مالیاتی اداروں اور بینکوں کے ذریعے قرضہ جات فراہم کیے جائیں گے تاکہ ہمارے ملک کا زرعی شعبہ زیادہ سے زیادہ ترقی کرے ۔انہوں نے کہا کہ خوراک کی ضروریات اور اس کو محفوظ کرنے کیلئے حکومت نے لانگ ٹرم پالیسی اپنائی ہے۔ کپاس ،گندم ،چاول ،مکئی ،زیتون اور پھلوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں اور زمینداروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔

 جمشید اقبال چیمہ نےکہا کہ وزیراعظم کے پلان کے مطابق پانی کو ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جارہا ہے ، موجودہ حکومت نے بہتر حکمت عملی کے تحت ملک  کودیوالیہ ہونے سے بچایا ۔انہوں نے ملک میں مہنگائی کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان سب سے سستا ملک ہے ، ملک میں گھی اور چینی کے علاوہ  پیٹرول  ڈیزل اور کھانے پینے کی اشیاء اور بجلی سستی ہے مہنگائی پر مزید قابو پانے کیلئے  سبسڈی فراہم کی جارہی ہے، غربت مٹاؤ پروگرام کے تحت غریب اور مستحق خاندانوں میں صحت کارڈ اور راشن کارڈ تقسیم کئے جائیں گے ،ملک سماجی اور معاشی انصاف کی طرف ترقی کررہا ہے اور ہم مدینہ کی ریاست کی طرف بڑھ رہے ہیں۔