جیکب آباد،09اگست(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مولا بخش سومرو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کی عوام کو کچھ نہیں دیا، انکے حقوق پر ڈاکے ڈال کر سندھ کو بنجر بنا دیا ہے،سندھ سے پی پی حکومت کا صفایا ہونے والا ہے اب پی ٹی آئی سندھ میں حکومت بنائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے المحمد ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،مولا بخش سومرو نے کہا کہ نیب ٹیم پر پولیس کی موجودگی میں حملہ ہوا، ایس ایس پی ذمہ دار ہیں،کوئی کارروائی نہیں کی گئی، ملزمان کھلے عام گھوم رہے ہیں، پولیس گرفتار نہیں کرتی،نیب پر حملے کا کیس نیب کی دی گئی درخواست کے مطابق پولیس نے درج نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اعجاز جکھرانی اگر صاف ہیں تو ضمانتیں کیوں لے رہے ہیں،نیب کی تفتیش سست روی کا شکار ہے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔
مولا بخش سومرو نے کہا کہ جیکب آباد کے ڈی سی اور ایس ایس پی سیاسی بنے ہوئے ہیں ،شہر میں منشیات کھلے عام فروخت ہو رہی ہے، اسلحہ کی نمائش کرکے عوام میں خوف پھیلایا جا رہا ہے،وفاقی وزیر کو دھمکیوں کی ویڈیو وائر ہوئی، پولیس مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے اور ملزمان سے ملی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیکب آباد شہر میں سر عام نان کسٹم پیڈ گاڑی گھوم رہی ہیں، اسلحہ کی نمائش کرکے شہریوں کو حراساں کیا جا رہا ہے آئیس،چرس سرعام فروخت کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم،وزیر اعلی سندھ اسکا نوٹس لیں،کسٹم اور ایکسائیز محکمے کیوں خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدامنی کوپولیس روکنے میں ناکام ہے، شہر میں کرائم بڑھا ہے، بیگناہ افراد پر چرس کا کیس لگاکر دہشت پھیلائی جا رہی ہے، گڑھی خیرو میں غیر قانونی اسلحہ جمع کیا گیا ہے، ایس ایس پی کو نہ ہٹایا گیا تو تحریک چلائی جائے گی۔
مولا بخش سومرو نے کہا کہ بلدیہ کو ماہانہ گرانٹ سمیت فراہمی آب منصوبے کو چلانے کے لئے ڈیڑ ھ کروڑ ہر ماہ ملتا ہے لیکن شہری پھر بھی پانی کوترس رہے ہیں،بلدیہ آفیس کی حدود میں پرائیوٹ قبضہ کرکے بنگلہ بنایا گیا ہے جس میں پولیس اور بااثر افراد شراب پیتے اور جوا کھیلتے ہیں،بلدیہ جیکب آباد کو ملنے والے فنڈز کی تحقیقات کرائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی تجاوزات کے خلاف آپریشن میں شہریوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں نہ کریں،بااثروں کے قبضے قائم ہیں انکو کیوں مسمار نہیں کیا جا رہا،سپریم کورٹ کے احکامات کا غلط استعما مل نہ کیا جائے،ڈی سی جب سے تعینات ہوئے ہیں عوام سے نہیں ملتے دفتر ویران اور گھر میں دفتر کے کام کر رہے ہیں،تجاوزات مسمار کرنے کے علاوہ بھی ڈی سی کی ذمہ داری ہے جس کو وہ نہیں نبھا رہے ،گھر سے باہر نکلیں اور اپنی ڈیوٹی کریں۔
انہوں نے کہا کہ جیکب آباد کی عوام کرپشن کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر مایوس ہیں، فیصلوں میں تاخیر کی جا رہی ہے، عوام اب ظالم جابر اور وڈیروں سے نجات چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے اندر جیکب آباد میں گیس لائن کا کام مکمل کرکے سپلائی شروع کی جائے گی، وفاق کی جانب سے ملنے والے چالیس کروڑ کے فنڈ سے ایم این اے محمد میاں سومرو کی جانب سے جیکب آباد میں ٹف ٹائل کے کام ہو رہے ہیں، کسی کو شکایت ہے تو نشاندہی کریں، دھمکی دینے والوں سے ڈرتا نہیں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔











