لاڑکانہ ،17اگست (اے پی پی):پی ٹی آئی کے رہنما اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے توانائی سینیٹر انجینئر سیف اللہ ابڑونے کہا ہے کہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی، مخالفین سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، سندھ کے لئے وزیر اعظم نے 191سکیمیں دی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پی ٹی آئی ناردرن سکھر سید طاہر حسین شاہ کے ہمراہ انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی ایک اور پلیٹ بنارہی ہے۔ مخالفین لوگوں کو روکنے کے لئے سازشیں کررہے ہیں ۔مخالفین سوشل میڈیا پر یہ پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ پی ٹی آئی سندھ میں اگلا الیکشن نہیں لڑے گی ، میں واضع کرنا چاہتا ہوں کہ اس طرح کی بے بنیاد خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔پی ٹی آئی اب جی ڈی اے سے بھی ایک بڑا اتحاد بنارہی ہے، جس کے بعد مخالفین سیاسی یتیم بن جائیں گے ، میں چیلنج سے کہتا ہوں کہ سندھ میں اگلی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی۔
سینیٹر انجینئر سیف اللہ ابڑونے نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اقتدار میں آئے ہوئے تین سال ہوئے ہیں مگر 13 سال سے اقتدار میں رہنے والے پی پی پی کے حکمرانوں سے کوئی کیوں نہیں پوچھتا کہ انہوں نے سندھ کے لئے کونسا کام کیا ہے، محکمہ تعلیم سمیت ہرادارہ تباہ کردیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے 191سکیمیں دی ہیں۔ لاڑکانہ کے لئے ون پوائنٹ 8بلین روپے، شکارپور کے لئے شیخ ایاز یو نیورسٹی کے لئے فنڈ رکھے ہیں،رواں سال سندھ کے لئے نیو سکیم 12 بلین روپے کی رکھی گئی ہے بغیر کسی فرق کے، لاڑکانہ میں ساڑھے 6 ارب روپے کی لاگت سے پاورڈویژن 220 کے وی پاور پلانٹ بننے جارہا ہے جو رواں سال سٹارٹ ہوگا، گاج ڈیم 14 بلین سے بنایا جارہا تھا ،ترقیاتی کام روک کر ٹھیکیدار پیسے لے کر رفو چکر ہوگیا، گاج ڈیم کے لئے قومی خزانے کے 14 بلین کرپشن کے نظرہوگئے۔
پی ٹی آئی کے رہنما سیف اللہ ابڑونے کہا کہ پی ٹی آئی نے احساس پروگرام پر اربوں رو پے دیئے لیکن سندھ سرکار ہیلتھ کارڈ میں رقم نہیں دے رہی ہے، ہیلتھ کارڈ کے لئے پیپلز پارٹی سرکار تعاون نہیں کررہی ہے لیکن پی ٹی آئی سرکار سندھ میں بلاتفریق بلدیاتی کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں پی ٹی آئی ہر الیکشن میں حصہ لے گی،نئے الائنس میں پیر پگاڑہ شامل ہونگے۔ ان کے سوا کس طرح مضبوط اتحاد ثابت ہوگا ،اسلام آباد یاترا کرنے والے خوش فہمی میں مبتلا نہ رہیں، پی ٹی آئی اب قربانی کا بکرا نہیں بنے گی لیکن اتحاد کو ترجیح دیں گی ۔انہوں نے کہاکہ سندھکے 5 سو سے زائد علاقہ جات کے لئے پی ٹی آئی سرکارنے گیس کی فراہمی کا اعلان کردیا ہے اور کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں میٹرو پولیٹن کا الیکشن پی ٹی آئی اکیلے لڑے گی، کسی سے اتحاد نہیں ہوگا۔