سیالکوٹ میں تیار کی جانے والی عالمی معیار کی مصنوعات کیلئے نائجیریا بہترین مارکیٹ ہے، جمہوریہ نائجیریا کے ہائی کمشنر محمد بیلو ابیوے

18

سیالکوٹ،09اگست(اے پی پی): جمہوریہ نائجیریا کے ہائی کمشنر محمد بیلو ابیوے نے کہا ہے کہ پاکستان اور نائجیریا کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور منسٹری آف کامرس نائجریا کے تعاون سے نائجریا میں برنس ایگزیبیشن کا اہتمام کیا جارہا ہے، سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی سے درخواست ہے کہ وہ ایگزیبیشن میں حصہ لیں اس سلسلہ میں نائجیریا حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، سیالکوٹ میں تیار کی جانے والی عالمی معیار کی مصنوعات کیلئے نائجیریا بہترین مارکیٹ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ سے تعلقات مضبوط ہونگے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ میں اپنے اعزاز میں دئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائمقام ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ صدرخرم اسلم بٹ اور انصرعزیز پوری کے علاوہ اراکین ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ کے ممبران نے شرکت کی۔

نائجیرین ہائی کمیشنر نے کہا کہ سیالکوٹ کے مقامی صنعت کار اور مینوفیکچرر جہاں عالمی معیار کی لیدر پراڈکٹس،, سپورٹس گڈز اورآلات جراحی پوری دنیا میں برآمد کررہی ہے وہیں پر اپنی مدد آپ کے تحت ڈرائی پورٹ اور ائیرپورٹ جیسے منصوبےمکمل کرکے قابل تقلید مثال قائم کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ سیالکوٹ انٹرنیشل ائیرپورٹس سے نائجیریا کیلئے براہ راست فلائٹس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے انٹر بینک، ویزا اور دیگر بزنس سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایف ٹی اے اور پی ٹی اے کے معاہدے کیلئے دونوں ملکوں کے منسٹری آف کامرس کے درمیان بات چیت کی ضرورت ہے، بزنس ریلشنز کو بہتر بنانے کیلئے اعتماد کی فضا کو فروغ دینا ہوگا، نائجیریا سے بزنس کو محفوظ اور آسان بنانے کیلئے نائجیرین حکومت  سنجیدگی سے اصلاحات اور اقدامات کررہی ہے۔

قائمقام صدر خرم اسلم بٹ نے سپاسنامہ پیش کیا اور نائجیرین بزنس وفد کو سیالکوٹ آنے کی دعوت دی تاکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔