صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی کی زیر صدارت وہاڑی میں امن وامان کے حوالے سے اہم اجلاس

45

وہاڑی، 10 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس وہاڑی میں امن وامان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع وہاڑی کے اندر محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور محرم الحرام میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانز یب خان کھچی نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں محرم الحرام کے حوالے سے تمام متعلقہ محکمے اپنے انتظامات مکمل کریں، حساس مقامات کے حوالے سے معاملات کو حل کیا جائے جلوسوں کے راستوں میں صفائی ستھرائی کے خصو صی انتظامات ہونے چاہیئں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے تمام ادارے الرٹ ہو کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

 ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جلوسوں کے راستوں کی سڑکوں کو مرمت کر دیاگیا ہے تمام محکموں کے کنٹیجنسی پلانز تیار کر لئے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122، محکمہ صحت، سول ڈیفنس اور دیگر تمام ڈیپارٹمنٹس محرم الحرام کے دوران احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ ڈی سی کمپلیکس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی تمام تحصیلوں کے کنٹرول روم ضلعی کنٹرول روم کے ساتھ منسلک ہوں گے۔

ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے مزید کہا کہ جلوسوں کے راستوں سے بجلی اور ٹیلی فون کی تاروں کو اونچا کرادیا گیا ہے جلوسوں کے راستوں سے تجاوزات اور دیگر رکاوٹیں بھی ختم کر دی جائیں گی۔

اس موقع پر ڈی پی او امیر عبداللہ خان نیازی نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں تمام سٹیک ہولڈرز سے میٹنگ کی جا چکی ہے شعلہ بیاں مقررین پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اداروں کی کار کردگی کو جانچنے کیلئے موک ایکسر سائز بھی کرائی گئی ہے۔ جلوسوں کے ساتھ موجود رضاکاروں کو کارڈ جاری کئے جائیں گے اور سرولنس گاڑی کے اوپر کیمرے نصب کر کے مانیٹرنگ کی جائے گی کوڈآف کنڈیکٹ مرتب کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جلوسوں اور مجالس میں وقت کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، حکومت کی طرف سے مقرر کر دہ کورونا ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کرائیں گے۔ تمام پولیس افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں محکمہ پولیس کا کنٹیجنسی پلان تیار کر لیا گیا ہے، پولیس میں بھی کنٹرول روم بنا دیا گیا ہے تمام اہم جلوسوں کے راستوں کی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانز یب خان کھچی اور ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ نے ڈی سی کمپلیکس میں شجرکاری مہم پلانٹ فار پاکستان کے سلسلہ میں پودے بھی لگائے۔

اجلاس میں ایم پی اے اعجاز سلطا ن بندیشہ، ڈپٹی کمشنر مبین الہی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امیر عبداللہ خان نیازی، ایم این اے اوورنگ زیب خان کھچی کے نمائند ے عالمگیر خان کھچی، ایم پی اے رائے ظہور احمد کھرل کے نمائندے رائے مبشر کھر ل اورایم این اے طاہر اقبال چوہدری کے نمائندے سجاد خان کھچی اور اے ڈی سی جنر ل خالد محمود گیلانی و دیگر افسران موجود تھے۔