سکھر:وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات اعجاز حسین جکھرانی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی جیلوں کو اصلاح گھر بنانا سندھ حکومت کا مشن ہے، قیدیوں کو اچھا شہری بنانے کیلئے جیلوں میں تعلیم ، فنی، ہنری و صنعتی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ جیلوں میں سے باہر نکلیں تو انہیں معاشرہ قبول کرے اور انہیں اچھی نگاہ سے دیکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ہاﺅس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات اعجاز حسین جکھرانی نے کہا کہ سکھر ڈسٹرکٹ جیل میں قائم چلڈرین اینڈ وومین جیل کو شہر سے باہر منتقل کرنے کی تجویز ہے جس کو وزیراعلیٰ سندھ سمیت سندھ کابینہ اور اسمبلی میں پیش کیا جائیگا جیل کی زمین کو قبضے سے بچانے کیلئے موجودہ پلاٹ کو سکھر شہر کی بہتری کیلئے استعمال میں لایا جائیگا، جس میں میوزیم، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ڈرینیج اور پارکس کی اسکیمیں زیرغور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں جیلوں کی اصلاح کے حوالے سے قانون پاس ہونے کے بعد جیلوں میں بہتری آ رہی ہے اور قانون پر عملدرآمد ہورہا ہے، سندھ واحد صوبہ ہے جس نے جیلوں کی اصلاح کا قانون پاس کیا جسے پنجاب سمیت دیگر صوبے اپنانے کی طرف جا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی مشیر جیل خانہ جات نے کہا کہ کراچی، حیدرآد اور سکھر سینٹرل جیلز میں اسٹرانگ جیمر سسٹم نصب ہیں جس سے قیدیوں سے باہر کا رابطہ ممکن نہیں کچھ اضلاع میں جیلوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر آئی جی جیلز سندھ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدین کے جرائم پیشہ نیٹ ورکس سے روابط مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد حاصل کی جائیگی، لاڑکانہ جیل واقعے کی تحقیقات کیلئے آئی جی جیلز کی نگرانی میں کمیٹی تشکیل دی تھی رپورٹ جلد موصول ہوجائیگی۔ اعجاز حسین جکھرانی نے کہا کہ نیب قوانین میں تبدیلی ضروری ہےاور احتساب سب کیلئے یکساں ہونا چاہئے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے، نیب پر ہم نے حملہ نہیں کیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز خان جکھرانی نے کہا کہ جب سے اس نے وزارت کا قلمدان سنبھالا ہے جیلوں میں چکر سسٹم ختم کیا گیا ہے جس سے کرپشن کی روکتھام میں مدد ملی ہے، مزید بہتری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں اور کہیں بھی قیدیوں پر تشدد یا سختی کے واقعات رونما نہیں ہوئے۔ اس موقع پر سکھر کے معاملات پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سکھر میں ایک نیا بین الاقوامی معیار کا جیل قائم کیا جائے اور صوبائی مشیر کے شکر گذار ہیں جس کی کوششوں سے پرانے سکھر میں ملنے والے پلاٹ پر پیرزادہ پارک قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کے سکھر میں پینے کے پانی، نکاسی آب سمیت شہریوں کی بہتری کیلئے ترقیاتی اسکیموں میں محکمہ جیل خانہ جات کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔