ضلع کرم میں شہدائے کربلا کی یاد میں دو سو سے زائد امام بارگاہوں ميں عزاداری اور مجالس کا سلسلہ جاری

16

پاراچنار، 17 اگست  (اے پی پی ):ضلع کرم میں شہدائے کربلا کی یاد میں دو سو سے زائد امام بارگاہوں ميں عزاداری اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مرکزی امام بارگاہ پاراچنار سے عزاداری کا ماتمی جلوس شب نویں محرم الحرام برآمد ہوگيا ہے جو اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے ، جلوس میں ہزاروں عزادار جن میں بچے جوان اور معذور افراد شامل ہیں۔ عزادار اپنے اپنے دستوں میں سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے امام عالی مقامؓ کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

 پاراچنار شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پاک فوج، پولیس، پاسدار، فیڈریشن اور مقامی رضاکار اپنی اپنی جگہوں پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عزاداری کیلئے لانے اور لے جانے کیلئے شٹل سروس کا بندوبست کیا گیا ہے اور پاراچنار شہر کو داخل ہونے والے لوگوں کی باقاعدہ تلاشی لی جا رہی ہے۔

عزاداری کا یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے واپس مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے راستوں پر عزاداروں کیلئے جگہ جگہ چائے ، شربت اور پانی کی سبیلیں لگادی گئی ہیں جلوس کی حفاظت کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور پاک افغان سرحد کو بھی ہر قسم آمد و رفت کیلئے بند کردی گئی ہے جبکہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں موبائل سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔