لاہور پولیس کا نویں اور دسویں محرم کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری،10ہزار سے زائدافسران و جوان فرائض سر انجام دیں گے

25

لاہور، 17 اگست(اے پی پی): پولیس نے نویں اور دسویں محرم کے حوالے سے اپنا سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے کہا کہ شہر بھر میں 5مرکزی جلوسوں سمیت تمام پروگراموں کوبھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، مجموعی طور پر عاشورہ کی مناسبت سے 605مجالس اور 125جلوس برآمد ہونگے، 9 محرم کو 08ہزار جبکہ 10ویں محرم الحرم کو 10ہزار سے زائدافسران و جوان فرائض سر انجام دیں گے اس کے علاوہ پولیس کے ساتھ معاونت کیلئے پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی تعینات ہونگے

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ،سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں کی معاونت سے عاشورہ محرم پر امن بنائیں گے، جلوسوں کے روٹ میں آنے والی تمام گلیوں کو خاردار تاریں اور بیرئرزلگا کر مکمل طور پر سیل کیا جائے گا اور جلوس کے راستوں میں آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے، چیکنگ پوائنٹس پر پولیس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی رضاکار بھی تعینات ہوں گے۔

ڈ ی آئی جی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور مخصوص ایریاز میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہے گی، عزادار خواتین کے چیکنگ کے لئے لیڈیز پولیس اہلکار اوررضا کار بھی تعینات کی گئی ہیں، جلوسوں اور مجالس کے شرکاء سے ماسک پہننے،کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کی درخواست ہے، شہری لاوارث سامان،موٹر سائیکلز اور مشکوک افراد کی اطلاع فوراً 15 یا مقامی پولیس کو دیں۔