لودھراں،یکم اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوام کی سہولت کے پیش نظر مختلف جگہوں پربس اسٹاپ کے قیام اورجنرل بس اسٹیڈ لودھراں کی تجدید شدہ فیس شیڈول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نئے ڈی کلاس اسٹینڈوں کے قیام کے لیے ضروری امور زیر بحث آئے۔
اجلاس میں عوام کی سہولت کے مقامات پر بس سٹاپ کے قیام کی سفارش کی گئی اور بتایا گیا کہ بس اسٹاپ کے قیام کیلئے چیف میونسپل آفیسر نے سی و ڈی کلاسیفائیڈ اڈوں کی سفارش کی ہے جس سے مناسب حکومتی ریونیو حاصل ہو گا۔
اجلاس میں میلاد چوک لودھراں پر المدنیہ ٹریولز اور چک سو ایم کے مقام پر ایس ابراہیم ٹریولز کے نام سے ڈی کلاس بس اسٹیڈز کے قیام کی منظوری کیلئے سفارشات پیش کی گئیں۔
اجلاس میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی و اسسٹنٹ کمشنر سیدہ آمنہ مودودی سمیت چیف میونسپل افسر ذوہیب لغاری، ٹریفک پولیس افسران اور اڈا جات کے مالکان موجود تھے۔











