لودھراں، 25 اگست (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا کہ 5روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر3لاکھ21ہزار564 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تحصیل لودھراں میں پانچ سال تک کی عمر کے 1لاکھ42ہزاربچوں انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا کہ تحصیل کہرڑوپکا میں 93ہزار131اور تحصیل دنیا پور میں 86ہزار429بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے،انسدادِ پولیو مہم 20ستمبر سے 24ستمبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیومہم کے پہلے تین دن کے دوران گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائیں جائیں گے، بعدازاں دو دن پولیو ویکسین نہ پینے والے بچوں کو ازسرنو تلاش کر کے پولیو ویکسین کی خوراک پلائی جائے گی۔
اجلاس میں فوکل پرسن محکمہ ہیلتھ راشد ستار نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں پیشرفت اور اہداف کے حصول بارے تفصیلی بریفنگ دی۔انسدادپولیوویکسین کے قطرے پلانے کیلئے ضلع کی 73یونین کونسلوں میں 73یونین کونسل ایم اوز مقرر کیئے گئے ہیں۔ 174ایریا انچارچ،952موبائل ٹیمیں 63فکسڈ ٹیمیں اور21ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سپیشل مجسٹریٹس، محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اور محکمہ لوکل گورنمنٹ بطور تھرڈ پارٹی انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔