لودھراں،09اگست ، ( اےپی پی):وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ موجود حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی بدولت مختلف فصلوں کی ریکارڈ پیداوار حاصل کی جارہی ہے۔اس سال صوبہ کی زمینوں نے خوب سونا اگلا ہے۔امسال گندم کی 2کروڑ 9لاکھ ٹن پیداوار حاصل کی گئی جوکہ ایک ریکارڈ ہے۔ گندم کی مجموعی پیداوار میں 8فیصد اضافہ ہوا ہے اسی طرح چاول کی پیداوار میں 28 فیصد اور کماد میں 31فیصدریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور کاشتکاروں کو فصل کی بہترین اوربروقت ادائیگی ہوئی ہے۔زراعت کے شعبہ کیلئے بجٹ میں 300فیصداضافہ کیا گیا ہے۔پہلی دفعہ جنوبی پنجاب میں زرعی ترقی کیلئے علیحدہ 11ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال لودھراں میں گندم کے پیداواری مقابلہ میں ضلع کی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکاروں کے درمیان چیک اور کسان کارڈ تقسیم کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے ویژن کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کاشتکاروں کے لیے کسان کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے جس کا مقصد دیہی پنجاب میں ڈیجیٹیل خواندگی بڑھانے کے ساتھ کسانوں کو کیش ٹرانسفر کی صورت میں براہ راست مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے اے ٹی ایم (ATM)سے براہ راست سبسڈی کی رقم حاصل کر کے بروقت کھاد، بیج اور زرعی زہریں خرید سکیں گے جس سے ان کی پیداوار اور آمدن میں اضافہ ہو گا۔ کسان کارڈ کے اجراء کے تاریخی اقدام سے پنجاب میں 10لاکھ کاشتکار گھرانوں کو سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت اہم فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ بیج، کھاد،زرعی زہروں اور زرعی مشینری پر سبسڈی کے علاوہ فصلات کا بیمہ اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کے مختلف منصوبوں کے تحت سبسڈی کی رقم اب کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے براہ راست حاصل کر سکیں گے۔











