محرم الحرام کے سلسلے میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دس اضلاع حساس قرار ، لاؤڈ اسپیکر ، ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی عائد

16

کوئٹہ، 12 اگست(اے پی پی): ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے سلسلے میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دس اضلاع کو حساس قرار دےدیا ہے۔ان اضلاع میں لاؤڈ اسپیکر ، ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس  کانفرنس میں کیا، انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے والے مواد پر بھی پابندی ہوگی جبکہ محرم الحرام کے جلوسوں میں شریک افراد کا ماسک پہنا لازمی ہوگا، محرام الحرام کے جلوسوں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ نفرت انگیز بیان کرنے والےعلماء پر دیگر اضلاع سے کوئٹہ آنے پر پابندی ہوگی جبکہ کسی بھی فرقہ وارانہ بیان کی سی ڈی اور خرید فروخت پر بھی پابندی ہوگی،جلوسوں کے روایتی راستوں کو سیل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے حوالے سے خطرناک علاقوں میں مجالس سے گریز کیا جائے۔

لیاقت شاہوانی نے بتایا  کہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بلوچستان میں کورونا کے کیسز میں کمی ہوئی ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مکران ڈویژن میں کورونا کے پیش نظر لگایا گیا لاک ڈاون ختم کردیا گیا ہے۔ بلوچستان حکومت کے اقدامات سے کورونا کے کیسز میں کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال میں بلوچستان آئیڈیل نہیں لیکن دوسرے صوبوں سے بہتر ہے، کورونا ویکسینشن کا سلسلہ جاری ہے، سرکاری ملازمین بھی ویکسین لگوارہے ہیں۔

لیاقت علی شاہوانی نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔گزشتہ روز ایک بچی کو درندہ صف شخص نے بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا  جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہتر کی ہے۔