معاون خصوصی بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت سکھر کے مسائل کے حوالے سے اجلاس

27

سکھر،12اگست (اے پی پی ): سکھر کے معاملات پر وزیر ااعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت سکھر کے مسائل کے حوالے سے اہم اجلاس  جمعرات کو یہاں ڈی سی آفس سکھر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکھر شہر کو پینے کا صاف پانی، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹ، خوبصورتی، نکاسی آب، سڑکوں اور راستوں کی بہتری اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن پبلک ہیلتھ، بلدیاتی ادارے ہائی ویز، بلڈنگ مشترکہ طور پر مضبوط میکنزم کے تحت کام کریں گے جبکہ مطلوبہ ضروریات کے بارے میں تین روز کے اندر تحریری رپورٹ تیار کرکے فراہم کی جائے گی۔

 معاون خصوصی نے  اجلاس کے دوران ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ایڈمنسٹریٹر کو ہدایت کی کہ ضرورتوں اور شرح کے حساب سے یونین کمیٹیوں میں اسٹاف مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوکل کونسلز کا اختیار ہے کہ وہ ڈیلی ویجز پر صفائی اسٹاف مقرر کریں اور ایک ہفتے کے اندر سائیڈ ڈرین کی بھرتی کے لیے اشتہار دیا جائے جس میں شفافیت کو ملحوظ رکھا جائے۔ خواہش مند عملے کی ویڈیو بھی رپورٹ میں شامل ہونی چاہیے۔

 انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی اور نکاسی آب میں استعمال ہونے والی مشنری، گاڑیوں اور دیگر سامان کو اونر شپ دیا جائے ،غیر فعال مشنری کی فہرست مرتب کی جائے ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد، ایڈمنسٹریٹر میونسپل علی رضا انصاری، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ،، روینیو، ہائی ویز، بلڈنگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔