لاہور، 14 اگست ( اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مودی کے دور میں ہندوستانی و کشمیری مسلمانوں کی حالت زار دیکھ کر آزادی کی نعمت کا احساس ہوتا ہے، ہندو تنگ نظر قوم ہے اور ہندوستان ذات پات کی سماجی تقسیم میں الجھا ہوا ایک ایسا ملک ہے کہ جہاں اقلیتوں کے ساتھ کبھی بھی اچھا سلوک نہیں کیا گیا۔
شالیمار باغ میں جشن آزادی اور پلانٹ فار پاکستان ڈے کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انقعاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے فوڈ سیکورٹی اور زراعت جمشید اقبال چمیہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اپنے نام کا پودا بھی لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجودہ دور حکومت میں کرپشن اور لاقانونیت کو ختم کر کے وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف ملک کو مستحکم بنانے کی تگ و دو میں کامیابی حاصل کر رہی ہے محروم طبقات کی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے احساس پروگرام اور کسانوں کے لئے سبسڈی کی مد میں اربوں روپے صرف کئے جارہے ہیں
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے شجرکاری اور ملک میں درخت لگانے کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی مگر پی ٹی آئی کی وفاقی اور پنجاب حکومت پاکستان میں شجرکاری کے حوالہ سے محترک ہے اور انشااللہ ہم لوگ عمران خان کی قیادت میں امسال لاھور میں چودہ لاکھ اور پاکستان بھر میں دس ارب درخت لگانے کے ہدف کو پورا کر لیں گے۔
جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ ہمارے ناقدین ہمیں نا تجربہ کار کہتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بہترین حکومتی منصوبہ بندی سے ٹیکس کولیکشن بڑھ چکی معاشی استحکام آ رہا ہے اور ہم بیڑہ غرق ان لوگوں کا کررہے ہیں جنہوں نے ماضی میں کرپشن کی اور ملک کو لوٹتے رہے۔











