لاہور ،14 اگست (اے پی پی(:صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒاور علامہ محمد اقبال ؒ کی مہربانیوں سے ہمیں یہ آزادملک حاصل ہوا ہے،اس ملک کو سنبھالنا اور سنوارناہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں پرچم کشائی کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپناگھرسمجھ کرخوبصورت بناناہوگا، پاکستان کا مطلب کیا،لاالا اللہ کا جذبہ ہمیں ترقی کی راہ پرگامزن کرسکتاہے،انشاء اللہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا ۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو خوشحال مملکت میں تبدیل کرناہے، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے افکارکولے کر آگے بڑھ رہے ہیں، کوروناوباء کے چاروں ادوارکے دوران کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی اور مئیوہسپتال کے ڈاکٹرز،نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف ودیگرعملہ کی خدمات کو سراہتے ہیں۔
پرچم کشائی کی تقریب کے بعد پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور سالمیت کیلئے دعائیں کی گئیں پرچم کشائی کی تقریب کا باقاعدہ آغازقومی ترانہ سے کیاگیااور وائس چانسلر کی جانب سے تقریب کے شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔











