کوئٹہ،12 اگست (اے پی پی ): وزیراعلی جام کمال خان کی زیرصدارت بلوچستان کابینہ کا اجلاس جمعرات کو یہاں منقعد ہوا، اجلاس میں 38 نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا۔
کابینہ نے بلوچستان کے 31 شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی سمیت بلوچستان فوڈ فورٹیفیکیشن ایکٹ 2021 اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی (ترمیمی) ایکٹ 2021 کی منظوری دی۔
کابینہ نے درجہ چہارم کی آسامیوں پر متعلقہ علاقوں کے مقامی لوگوں کو بھرتی کرنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کے لیے کابینہ کی سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ، سب کمیٹی کو دو ہفتے کے اندر سفارشات مرتب کر کے رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
کابینہ نے گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن، بلوچستان ایجوکیشن پراجیکٹ 18-2015 کے 1493 اساتذہ کی مستقلی کے حوالے سے کابینہ کی سب کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے بلوچستان موٹر وہیکل ٹرانزیکشن لائسنیز بل 2020 کی بعض شقوں میں مزید بہتری لانے اور رولز مرتب کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
کابینہ نے محکمہ زراعت کی مختلف آسامیوں کے حوالے سے آپ گریڈیشن کمیٹی کی سفارشات کی منظوری بھی دے دی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے بلوچستان چیریٹیز رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کو رولز آف بزنس 2012 میں شامل کرنے کی اجازت دے دی۔
کابینہ نے نظر ثانی شدہ بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ سروسز کوئٹہ ایکٹ 2021 کے ڈرافٹ کی منظوری دے دی اور تربت میں 200 بستروں پر مشتمل ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کی منظوری بھی دی، ہسپتال حکومت بلوچستان اور حکومت پنجاب کے مشترکہ اشتراک سے قائم کیا جارہا ہے۔ کابینہ نے بلوچستان ڈرگز رولز 2021 کی فریمنگ کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء ،مشیر،چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوئے۔











