وہاڑی،06 اگست(اے پی پی ): وزیراعظم کے ویژن کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امیر عبداللہ خان نیازی نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا جبکہ ڈی ایس پی بورے والا محمد اشرف تبسم اور ڈی ایس پی ٹریفک محمد قاسم نے بھی اپنے اپنے حصے کا پودا لگایا۔
ڈی پی او امیر عبداللّہ خان کا کہنا تھا کہ اس مہم کے آغاز کا مقصد لوگوں کو شجرکاری کی اہمیت اور افادیت کی جانب راغب کرنا ہے۔ محکمہ جنگلات کے وساطت سے دفاتر، پولیس لائنز اور تھانہ جات میں 5ہزار پودے لگائے جائیں گےجس سے بلاشبہ مستقبل میں ان تمام مقامات پر موسمی لحاظ سے ناصرف مثبت اثرات دیکھنے کو ملیں گے بلکہ صحت مند اور تندرست ماحول جیسے اقدامات کو بھی فروغ ملے گا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وہاڑی راجہ اظہر حیات، بلاک آفیسر منظور احمد، بلاک آفیسر غلام مصطفیٰ اور پی ایس او ٹو ڈی پی او رضوان واحد بھی موجود تھے، پودا لگانے کے بعد دعا کی گئی ۔











