پاراچنار ، 18اگست(اے پی پی ): ضلع کرم میں شہدائے کربلا کی یاد میں دو سو سے زائد امام بارگاہوں ميں عزاداری اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مرکزی امام بارگاہ پاراچنار سے عزاداری کا ماتمی مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ کل جمعرات رات دس بجے تک رہے گا۔
جلوس میں ہزاروں عزادار جن میں بچے جوان بوڑھے اور معذور افراد شامل ہیں، عزادار اپنے اپنے دستوں میں سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
پاراچنار شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پاک فوج، پولیس، فیڈریشن اور مقامی رضاکار بھی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں ،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عزاداروں کو شہر تک لانے اور لے جانے کیلئے شٹل سروس کا بندوبست کیا گیا ہے اور پاراچنار شہر کو داخل ہونے والے لوگوں اور گاڑیوں کی باقاعدہ تلاشی لی جا رہی ہے۔
نویں محرم اور یوم عاشورہ کے دن گن شپ ہیلی کاپٹرز پاک افغان سرحد اور کرم ڈسٹرکٹ سمیت پاراچنار شہر کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے۔
پاراچنار شہر کے مرکزی امام بارگاہ سے سے برآمد ہونے والا عزاداری کا یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے واپس مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا ۔
جلوس کے راستوں پر عزاداروں کیلئے جگہ جگہ چائے ، شربت دودھ اور پانی کی سبیلیں لگادی گئی اور نیاز تقسیم کیا جارہا ہے، جلوس کی حفاظت کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور پاک افغان سرحد کو بھی ہر قسم آمد و رفت کیلئے بند کردی گئی ہے جبکہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں موبائل سروس بھی معطل کردی گئی ہے اور شہر میں گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے











