لاہور، 14 اگست ( اے پی پی): سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج کا دن بر صغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کی مضبوطی اور بہتری کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وطن عزیز توانا اور مضبوط ہو رہا ہے،افواج پاکستان مادر وطن کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت سینہ سپر اور تیار ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے دوران کیا۔سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے پرچم کشائی کی۔ علامہ اقبال کے مزار پر چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔اس موقع پر طلبا و طالبات کے ہمراہ ملی نغمے گائے،بچوں کو شاباش دی اور ان کی حصہ افزائی کی۔
سینئر وزیر پنجاب نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب ملک وقوم کی سلامتی و خوشحالی کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ انھوں نے حضوری باغ میں شہریوں سے بات چیت بھی کی اورطلبا و طالبات کی یوم آزادی کی تقریبات میں رنگ برنگی جھنڈیاں اٹھا کر شرکت پر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔