لاہور، 10 اگست (اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے سے متعلق اہم اقدام، بزدار حکومت پنجاب کےدوردراز پسماندہ ترین علاقوں میں ہرغریب کی دہلیزپر علم کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔وزیراعلی کی خصوصی ہدایت اور وزیر لٹریسی راجہ راشد حفیظ کی کاوشوں سے محکمہ خواندگی و غیررسمی بنیادی تعلیم پنجاب کی جانب سے کوٹ ادھو تونسہ بیراج پر صوبے کی تاریخ کے پہلے کشتی سکول کا آغازکیا گیا۔اس علاقے میں ماہی گیروں کی بڑی تعداد رہتی ہے جو دریاۓ سندھ میں بہت اندر تک چلے جاتے ہیں اور بہت دن تک مچھلیاں پکڑتے ہیں باقی دنیا سے ان کا رابطہ ختم ہونے کے باعث وہ علم سے محروم رہتے ہیں۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دریاۓ سندھ تونسہ بیراج پر بنایا جانے والا یہ کشتی سکول بزدارحکومت کے تعلیم دوست ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔کشتی سکول میں مفت کتابیں فراہم کر دی گئی ہیں اورمفت تعلیم فراہم کرکے اس پسماندہ علاقے میں شرح خواندگی میں اضافہ کرنامقصود ہے۔اس سے پیشترموجودہ حکومت نے اس علاقے میں تعلیم بالغاں لٹریسی سنٹربھی قائم کیا ہے۔جہاں ان مچھلیاں پکڑنے والے لوگوں کو لکھنا پڑھنا سکھایاجاریا ہے جو کسی بھی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ گئیں ہیں۔
محکمہ خواندگی اپنے اساتذہ کے ذریعے دریا کے اندر کشتی سکول بنا کر ان ماہی گیر بچوں کو علم کی روشنی سے منور کررہا ہے ،یہ کشتی سکول اپنی نوعیت کا پہلا علمی مرکز ہے جہاں پہلی دفعہ انتہائی غریب ماہی گیر مفت تعلیم حاصل کرسکیں گے،سابقہ ادوار میں کبھی کسی نے ماہی گیروں کی فلاح و بہبود یا ترقی و خوشحالی سے متعلق کوئی کام نہیں کیا۔











