راولپنڈی، 10 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے راولپنڈی میں فلٹریش پلانٹس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر قصبے، ہر گاٶں میں پینے کا صاف پانی پہنچائیں گےاور ایسی پالیسی دیں گے کہ یہ بند نہ ہوں کیونکہ پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ آب پاک اتھارٹی میں کوئی کمیشن نہیں لے سکتا ،جو پلانٹ ڈیڑھ کڑور، دو کڑور میں لگتا تھا وہ 30 لاکھ روپے میں ہم لگا رہے ہیں، زیرو ٹالرنس ہے کرپشن کے خلاف اگر کوئی کرپشن میں ملوث پایا گیا اس کو نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹ کام کرتے رہیں اور بند نہ ہوں اس کے لئے لانگ ٹرم اسٹریٹجی اور پلاننگ ہے۔ اس کے علاوہ جو واٹر اسکیمیں اور واٹر پلانٹ بند پڑے ہیں ان کو بھی چند مہینوں میں چلا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر کے آخر تک اللہ کے فضل اکرم سے ہم76 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی پہنچا دیں گے۔











