پی آئی اے نے 1500 سے زائد افراد کا افغانستان سے انخلا ممکن بنایا ، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

40

اسلام آباد۔24اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے  کہا ہے کہ پی آئی اے نے 1500 سے زائد افراد کا افغانستان سے انخلا ممکن بنایا

۔ پاکستان افغانستان سے غیر ملکی افراد کے انخلاءمیں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس وقت ہم نے مختلف ممالک کے ہزاروں افراد کو افغانستان سے انخلاءمیں سہولت فراہم کی، 3500 سے زائد افراد کو بذریعہ ہوائی جہاز جبکہ 19 ہزار افراد کو بارڈر کے ذریعے انخلاءمیں مدد فراہم کی۔ اس پورے عمل میں پاکستان سب سے اہم اسٹیک ہولڈر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے 1500 سے زائد افراد کو انخلاءمیں سہولت دی، اس وقت ہم غیر ملکی شہریوں کے لئے اپنے بارڈرز کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان نے فی الوقت اپنی فضائی اور زمینی سرحدیں کابل میں پھنسے غیر ملکی شہریوں کے لئے کھولی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہاں تک افغانستان میں حکومت سازی کا عمل ہے، اس میں ہم ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہے ہیں، ہمارا ترکی، چین اور دیگر ممالک کے ساتھ قریبی رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں مسلسل سیاسی حل کی بات کر رہے تھے، اگر پاکستان کی ایڈوائس پر عمل کیا ہوتا تو آج افغانستان میں اس قسم کی صورتحال نہ ہوتی۔