اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ60دن تک حلف نہ اٹھانے والے ممبران اسمبلی اپنی نشستیں کھو دیں گے، کابینہ میں آرڈینینس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے الیکشن آرڈیننس (تیسری ترمیم) کی منظوری دی ہے، یہ اہم آرڈیننس زیر التواءتھا، اس آرڈیننس کے تحت جن لوگوں نے 60 دن کے اندر اپنے عہدوں کا حلف نہیں اٹھایا، تو ان کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔ کابینہ نے اس آرڈیننس کو جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ ایسے تمام لوگ جنہوں نے اپنے عہدوں کا حلف نہیں اٹھایا، اس آرڈیننس کی منظوری کے بعد وہ اپنی نشست کھو دیں گے۔











