ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پشین میں پولیو ویکسی نیشن مہم کا افتتاح

56

 

پشین، 02 اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر پشین شبیر احمد مینگل نے کہا ہے کہ پشین کے عوام اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر انہیں زندگی بھر کیلئے معذور ہونے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پشین میں پانچ سال سے کم عمر بچے کو پولیو ویکسین پلاکر مہم کا افتتاح کیا۔  اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پشین حضرت ولی کاکڑ ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال ایم ایس ڈاکٹر سلیم پٹھان اور محکمہ صحت کے نمائندے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر  نے  گفتگو کرتے کہا کہ  پشین کے عوام اس قومی کاز میں حکومت کا ساتھ دیکر اپنا فریضہ ادا کریں، کیونکہ پولیو ایک موذی اور متعدی مرض ہے جس سے متاثرہ ہر بچہ دیگر درجنوں بچوں کو متاثر کرسکتا ہے، اور اردگرد کا تمام علاقہ میں اس کے پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع پشین میں تمام احتیاطی تدابیر کی بنیاد پر ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جارہے ہیں، جس کیلئے محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔

 انہوں نے ضلع پشین بھر کے پانچ سال سے کم عمر بچوں کے والدین، سیاسی اور مذہبی جماعتوں، سماجی تنظیموں، علماء کرام، میڈیا، وکلاء، اساتذہ کرام اور معاشرے کے تمام طبقوں سے اپیل کہ وہ پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ضلع پشین کی آئندہ نسل کو پولیو کے خطرات سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔