لاہور،19 اگست (اے پی پی): 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس تعزیہ اور عزاداروں کی حفاظت کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ایس ایس پی آپریشنز سید ندیم عباس ایس پی سٹی و دیگر افسران کے ہمراہ اندورن شہر جلوس کے راستوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران اور دیگر عملے سے گفتگو کی ۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی نثار حویلی کی انتظامیہ کے عہدیداروں کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی ۔ انہوں نے مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عزاداروں کی سکیورٹی چیکنگ کے عمل کا معائنہ بھی کیا اور ہدایت کی کہ سینئر پولیس آفیسر ماتمی جلوس کے ساتھ ساتھ رہیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے کہا کہ پولیس حسب روایت جلوس کے شانہ بشانہ فرائض ادا کررہی ہے اس وقت ملک کو درپیش چیلنجوں کے تناظر میں ملی یکجہتی کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو دس محرم الحرام کی خصوصی اور اہم ڈیوٹی کے حوالے سے آن جاب بریفنگ بھی دی۔











