کرپشن کے خاتمے اور بلاتفریق احتساب سے حکومت پیچھے نہیں ہٹے گی؛گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

13

لاہور، 06 اگست (اے پی پی) : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر کاکوئی مستقبل نہیں، شفافیت اور دیانتداری کی ہی سیاست چلے گی، کرپشن کے خاتمے اور بلاتفر یق احتساب سے حکومت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری سرور نے صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک ،وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے گورنر  ہاؤس میں اں سے ملاقاتیں کیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں آئین وقانون کی بالادستی حکومت کی ذمہ داری ہے جو ہر صورت پوری کی جائیگی، وزیر اعظم عمران خان مخالفین کے سامنے جھکنے والا نہیں، ہمیشہ ڈٹ جانیوالا لیڈر ہے، عوام جمہوریت ،آئین وقانون کی حکمرانی اور حکومتی بیانہ کیساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی اصولی اورنظر یاتی سیاست سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا،ملک میں ترقی اور استحکام حکومت کی اوولین ترجیح ہے، تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، آج پارلیمنٹ اور جمہور یت سمیت تمام ادارے مضبوط ہو رہے ہیں، ملک میں اقلیتوں کیساتھ کسی ناانصافی کو برداشت کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستان اقلیتوں کیلئے محفوظ تر ین اور بھارت خطر ناک تر ین ملک بن چکا ہے۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست کا اب کوئی مستقبل نہیں، عوام حکومت کیساتھ ہیں۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم کا کہنا تھا کہ حکومتی ادارے اقلیتوں کے تحفظ کیلئے ان کیساتھ کھڑے ہیں۔