سیالکوٹ:12 اگست(اے پی پی) : وزیر اعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین مہم کے تحت ریسکیو1122 نے سی ٹی آئی سکول بارہ پتھر کینٹ میں روز ویلفئر آرگینائزیشن کے تعاون سے پودے لگانے کی پروقار تقریب منعقد کی۔ اس موقع پر ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال،وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کے ایوارڈ یافتہ قومی چیمپئن اشفاق نذر، پر نسیپل سی ٹی آئی سکول فاران گل، ریسکیورز اور بچوں نے گراؤنڈ میں پودے لگائے۔ صحت مند اور توانا معاشرے کے قیام کیلئے ہم سب کو مل کر وطن عزیز پاکستان کو صاف اور سبز بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہونگے تاکہ ماحول سے سموگ،فضائی آلودگی کا خاتمہ ہوسکے، ان خیالات کا اظہار ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے پودے لگانے کی تقریب کے دوران کیا۔ مزید براں روزویلفئیر آرگینائزیشن اشفاق نذر نے کہا کہ وزیراعظم کی صاف سرسبز پاکستان مہم کی کامیابی کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھیں گے، ہم اپنی مدد آپ کے تحت ضلع سیالکوٹ میں تعلیمی اداروں،سرکاری و غیر سرکاری دفاتر،گرین بیلٹس،گلی،محلوں، بازاروں جہاں جگہ ملے وہاں پھل دار، پھول دار اور سایہ دار درخت لگاکر اپنا انسانی،اخلاقی اور قومی فریضہ ادا کررہے ہیں۔ ڈسٹرکت ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی سموگ،فضائی آلودگی اور گرمی کی شدت نہ صرف انسانوں بلکہ تمام جاندار مخلوقات کیلئے انتہائی خطرناک ہے اس لیئے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحول کو صاف ستھرا سرسبز و شاداب اور انسان دوست بنانے کیلئے اپنے حصے کے درخت ضرور لگائے، ریسکیو1122سیالکوٹ اس میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے گی، انہوں نے تمام ریسکیورز کو بھی تاکید کی اور کہاپنے گلی محلوں اور جہاں مناسب جگہ میسر ہو پودا لازمی لگائیں اور اس کی دیکھ بھال بھی کریں۔











