اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز 14لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی، 17سال تک کی عمر کے بچوں کو بھی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو کورونا ویکسی نیشن مہم پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ گذشتہ روز 14 لاکھ ٹیکے لگائے گئے۔ اجلاس کو سرکاری اداروں کے ملازمین کی ویکسی نیشن میں پیشرفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام اداروں کے سربراہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ تمام سرکاری ملازمین کی ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جائے، 17 سال تک کی عمر کے بچوں کو بھی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، این سی او سی کے کورونا وبا سے نمٹنے کے اقدامات کو سراہتے ہیں، مزدوروں کیلئے بوسٹر ویکسین مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے اس کی قیمت 1270 روپے مقرر کی گئی تھی۔











