کوئٹہ 31 اگست(اےپی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراءمیر ظہور احمد بلیدی،عبدالخالق ہزارہ،نورمحمد دمڑ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور ڈائریکٹر تعلقات عامہ نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے اجلاس کو رواں مالی سال میں نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور دیگر تفصیلات پر بریفنگ دی گئی جبکہ متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے اجلاس کو اپنے اپنے محکموں کے نئے ترقیاتی منصوبہ جات کی متعلقہ فورمز سے منظوری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی متعلقہ فورمز سے منظوری، اتھرائزیشن اور فنڈز کے اجرا ءکا بھی جائزہ لیاگیا۔محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں 2286نئے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ جاری ترقیاتی منصوبے 1525ہیں جبکہ اجلاس کو رواں مالی سال کی 184فلیگ شپ اسکیمات پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے نئے منصوبہ جات میں 155پی ڈی ڈبلیو پی جبکہ 2131ڈی ایس سی ترقیاتی اسکیمات شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے فورمز کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد کئے جائیں،وزیراعلی نے اس سال ستمبر کے اواخر تک نئے منصوبوں کی ابتدائی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے اہم ہیں،مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں جبکہ سرکاری عمارتوں کے ڈائزین پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ہر بوائز اور گرلز ڈگری کالج میں فٹسال گروانڈ کے منصوبے بنائے جائیں تاکہ طلباءوطالبات کو اسپورٹس کی سہولت میسر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو بروقت اور ہر صورت معیاری بنایا جائے۔جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں سڑکوں کا جال بچھا کر سماجی و معاشی ترقی کے اہداف حاصل کریں گے۔











