گلگت، 08 اگست ( اےپی پی): چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر آمینہ ضمیر نے گلگت بلتستان اسمبلی حلقہ 4 نگر 1 میں ضمنی انتخابات کےلئے پولنگ کے دوران مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے ووٹرز اور پولنگ ایجنٹس سے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا۔ مجموعی طور پر ووٹروں نے اس حلقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے،پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس دوران چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن،صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات منعقد کروانا الیکشن کمیشن گلگت کی ذمّہ داری تھی۔ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کی، باقی سیاست میں سیاسی جماعتیں الزامات لگاتی رہتی ہیں،ہمیں اس کی پرواہ نہیں ہے۔انہوں نے نگر 1 کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی اجتماعی زمہ داری کو پورا کیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔











