اسلام آباد،27اگست (اے پی پی): اقتصادی مشاورتی کونسل کے شریک چیئرمین اور ہائوسنگ و کسنٹرکشن گروپ کے رکن عارف حبیب نے کہا ہے کہ ہاؤ سنگ سکیم سے نا صرف بے گھر افراد کو گھر بلکہ روزگار کی فراہمی اور صنعتی و معاشی ترقی بھی ہوتی ہے۔
جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق سیّد فخر امام، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، وزیراعظم کے مشیر برائے سرمایہ کاری و تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین اور اقتصادی مشاورتی کونسل کے دیگر ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقتصادی مشاورتی کونسل کے شریک چیئرمین اور ہائوسنگ و کسنٹرکشن گروپ کے رکن عارف حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تعمیرات کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی ہے اس کیلئے خصوصی پیکیج دیا گیا جس کے اچھے نتائج آ رہے ہیں، تعمیراتی میٹریل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، اسی طرح چھوٹے اور کم لاگت گھروں کی تعمیر کیلئے قرضوں کے اجراء میں بھی اضافہ ہوا ہے، اس وقت چھوٹے گھروں کی تعمیر کیلئے 150 ارب روپے تک کے قرضوں کی درخواستیں آئی ہیں۔
عارف حبیب نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ معیشت کی طرح ہائوسنگ کے شعبہ میں بھی بڑھوتری کا عمل پائیدار بنیادوں پر ہو اور اس کی ڈاکومنٹیشن کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب لوگوں کو رعایتی قرضوں کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے اور اس سے معاشی اہداف کا حصول بھی ممکن ہو گا۔











