یوم استحصال کشمیر؛ چاغی میں احتجاجی ریلی نکال کر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا

24

چاغی،05 اگست(اے پی پی ):ملک بھر کی طرح چاغی میں بھی استحصال کشمیر کا دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر دالبندین جاوید ڈومکی کی قیادت میں دالبندین میں احتجاجی ریلی نکال کر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔

دالبندین میں نکالی گئی ریلی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر انور بادینی، تحصیلدار اکبر علی مزارزئی، ایس ایچ او خالد بادینی سمیت مقامی اسکول کے طالب علموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھاکر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور علاقے کی منفرد حیثیت ختم کرنے کی شدید مذمت کی۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف نعرے لگاکر کشمیر کی آزادی کے حق میں صدائیں بلند کیے۔

 قبل ازیں گورنمنٹ مرکزی بوائز ہائی اسکول دالبندین میں منعقدہ ایک تقریب میں طلباء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر آئینی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا۔