یوم استحصال کشمیر پر سکھر میں اظہار یکجہتی ریلی، شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے

26

سکھر،05اگست (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشمیر کی قانونی حیثیت ختم کرنے جیسے ناپاک عمل کو دو سال مکمل ہونے، بھارت کی جانب سے کشمیر یوں کے استحصال، ظلم و بربریت،جبر کے خلاف اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی میونسپل اسٹیڈیم تا پریس کلب سکھر تک ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد اور ایڈمنسٹریٹر علی رضا انصاری کی قیادت میں نکالی گئی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم اور مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو ختم کرنا بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں آج اس قانون کی دو سال مکمل ہوگئے ہیں۔

 انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم اور قانونی حیثیت کے خاتمے جیسے ناپاک عمل کو نوٹس لے کر کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوایا جائے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ماضی میں بھی کشمیریوں کے ساتھ تھی ، ہے اور مستقبل میں بھی ان کی سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

 اس موقع پر کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کی خود مختاری بحال کرو، کشمیر کا استحصال نامنظور، پاکستان زندہ بادکے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

ریلی میں روینیو، میونسپل، پولیس، رینجرز، سول سوسائٹی، شہریوں، وکلائ، تاجروں ،تعلیم، صحت، ایکسائیز سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔