افغانستان میں استحکام کے لیے ہمسایہ ملکوں کی جانب سے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم

20

دوشنبے ،16ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ خطے کے تمام رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ افغانستان میں استحکام کیلئے افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے، افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم کے دورہ تاجکستان اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہماری بیلاروس، ازبکستان، ایران اور قزاخستان کے صدور کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں، وزیراعظم عمران خان سربراہان مملکت کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ فوکس افغانستان پر رہا ہے، دلچسپ نکتہ ہائے نظر سننے کو ملا ہے۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہمیں افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، افغانستان میں جامع حکومت کے لئے ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر تمام فریقین کا اتفاق ہے کہ افغانستان کے عوام کو تنہانہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان دوراہے پر کھڑا ہے، ہم نے خطے کے رہنمائوں کو باور کرایا ہے کہ افغانستان یا تو استحکام کی طرف جائے گا اور اگر ایسا نہ ہوا تو پورے خطے کے لئے خطرناک ہوگا، اس صورتحال کا تمام لیڈر شپ کو ادراک ہے۔

 چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ ترکمانستان، ازبکستان،  قزاخستان، ایران اور پاکستان کے سربراہان یہاں موجود ہیں، کل چین کے وزیر خارجہ بھی یہاں آ رہے ہیں، ہم ایک حل کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں، افغانستان کے استحکام کے لئے تمام ہمسائیوں نے مل کر اپنی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔