اوکاڑہ: ڈاکٹرزکریہ ذاکر وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ کی زیر قیادت کرونا ویکسین آگہی ریلی کا انعقاد

29

اوکاڑہ،08ستمبر (اے پی پی):مقامی کمیونٹی میں کرونا ویکسین لگوانے کا شعور پیدا کرنے کے لئے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر زکریہ ذاکر کی قیادت میں ایم اے جناح روڈ پر آگہی ریلی منعقد کی گئی۔ ریلی میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے شرٹس اور ٹوپیاں پہن رکھی تھیں اور بینر اٹھا رکھے تھے جن میں ویکسین کی آگہی کے پیغامات درج تھے۔اوکاڑہ ٹینک چوک سے شروع ہونے والی ریلی نے چار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اس موقع پر میڈیاسے گفتگو میں وائس چانسلر نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کے اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عام عوام میں کرونا ویکسین لگوانے کا شعور بیدار کریں اور مختلف افواہوں اور غلط معلومات کی حوصلہ شکنی کریں۔ اس مقصد کے تحت ہم آج یہ ریلی نکال رہے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو ویکسین لگوانے کےلیے ذہنی طور پہ تیار کیا جا سکے اور اس حوالے سے ان کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق یہ ریلی اوکاڑہ یونیورسٹی کی جانب سے گزشتہ ہفتے بڑے پیمانے پہ شروع ہونے والی آگہی مہم کی ایک کڑی ہے۔ اس مہم کا مقصد پہلے مرحلے پہ یونیورسٹی کے تمام اسٹاف اور طلباء میں ویکسین کو یقینی بنانا ہے اور اس کے بعد اس پیغام کو اوکاڑہ سے ملحقہ تمام قصبوں اور دیہاتوں تک لے کر جانا ہے۔ اس سلسلے میں اوکاڑہ یونیورسٹی کی جانب سے مختلف سرگرمیاں جاری ہیں جس میں سیمینار، واک اور مختلف مقاما ت پہ پبلک سروس پیغامات والے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کرناشامل ہے۔