آئندہ دو سال حکومت کیلئے بہت اہم ہیں ، حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلا الیکشن جیتیں گے؛ وزیراعظم عمران خان

11

 

اسلام آباد،22ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  آئندہ دو سال حکومت کے لئے بہت اہم ہیں، ہمیں اپنے اہدف حاصل کرنے ہیں، تمام وزارتیں   محنت کریں ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں کارکردگی  معاہدوں  پر دستخط کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ   آئندہ 2 سال کے لئے اپنے اہداف مقرر کرناضروری تھا۔ اس کی  مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ آئندہ سال ہمارے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ اگر ہم نے اس دوران اپنے اہداف حاصل کر لئے تو حکومت کے  آخری سال  میں رہ جانے والے اہداف کو حاصل کرنا بھی آسان ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا  کہ انہیں ٹیم کو چلانے کا تجربہ حاصل ہے اور انہوں نے یہ  کرکٹ سے  سیکھا ہے ۔ ہر جگہ ٹیم کو چلانے کے اصول ایک جیسےہوتے ہیں۔ میں 10 سال کرکٹ ٹیم کا کپتان رہااور کھلاڑیوں کو آتےجاتے دیکھا۔ ہمیشہ وہ ٹیم کامیاب ہو تی جو سارا وقت اپنا جائزہ لیتی رہتی ہے  اور اپنی کارکردگی پرنظر ثانی کرتی ہے۔

 وزیرعظم نے وزارتوں پرزور دیا کہ انہوں  نے اپنے لئے جو اہداف مقرر کئے ہیں ان کو حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل میں ہار مان  جانے والے کبھی آگے نہیں بڑھتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم اپنا کوئی وژن سیٹ کرتے ہیں تو اس پر سمجھوتا نہیں کرناچاہیے۔ مشکل وقت میں انسان کی صلاحیتوں کا امتحان ہو تاہے اور صبر کرنے والا ہی کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہے اور ا س کی صلاحیتوں کو جلاملتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے پہلے  سال بہت مشکلات کا سامنا کرناپڑا ، یہ مشکل ترین وقت تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ان سب  مافیاز کےسامنے کھڑے ہیں جو تبدیلی نہیں چاہتے ،وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کررہے ہیں۔ ماضی میں ہر الیکشن میں دھاندلی کےالزامات لگے اور متنازع ہوئے۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے دھاندلی کے الزامات کا خاتمہ ہو گا۔ کرپٹ لوگ جو اس سسٹم سے فائدہ اٹھاتے رہے وہ ملک میں تبدیلی نہیں چاہتے ۔ یہ حکومت کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے  مسائل حل ہو جائیں گے ۔ آخری دو سال ہمارے لئے بہت اہم ہیں۔ ہم نے اقتصادی مشکلات پر قا بو پایا اور کورونا  وائرس کی وبا کی صورتحال میں مشکل فیصلے کئے۔ اپنے لوگوں کی جانیں بھی بچائیں اور معیشت بھی۔ ہم بہت مشکل وقت سے نکل کر یہاں پہنچے ہیں۔ اس سال محنت کریں گے تو اپنے اہداف حاصل کرلیں گے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ارکان اسمبلی ترقیاتی فنڈز مانگتے ہیں۔ ہم ترقیاتی فنڈز سے نہیں ،   حکومت کی  کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن جیتیں گے۔انہوں  نے کہا کہ اصل جنگ پنجاب میں ہے ۔ لوگ یہ دیکھیں گےکہ 5 سال بعد ہم کیا بہتری لائے اور کیانتائج مرتب کئے ۔ اس لئے ہم نےاپنے اہداف کے حصول پر توجہ دینی ہے ۔