قصور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عوام کے لیے بڑا اقدام، جدید فوڈ کورٹ اور اپروچ روڈ کا باقاعدہ افتتاح

5

قصور ،14 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قصور شہر کو “سوہنا شہر قصور” بنانے کے ویژن کے تحت عوام کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے جدید فوڈ کورٹ اور اپروچ روڈ کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے فنانس و ریونیو و رکن قومی اسمبلی میاں سعد وسیم شیخ نے چیئرمین مانیٹرنگ کمیٹی رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری، رکن صوبائی اسمبلی صفیہ سعید اور ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا کے ہمراہ منصوبے کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں سعد وسیم شیخ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی توجہ اور دلچسپی کی بدولت قصور میں ترقی، خوبصورتی اور عوامی سہولیات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ قصور کی تاریخ کا پہلا فوڈ کورٹ ہے جہاں فیملیز کے لیے پرفضا، صاف ستھرے تفریحی ماحول کے ساتھ ساتھ معیاری کھانوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ منصوبہ محض ایک افتتاح نہیں بلکہ قصور کی ترقی اور روشن مستقبل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس موقع پر صحافیوں، تاجروں اور شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے اس اقدام کو قصور کی عوام کے لیے انتہائی خوش آئند قرار دیا۔