ای وی ایم کے خلاف چلائی جانے والی مہم سے لگتا ہے چیف الیکشن کمشنر انتخابی اصلاحات کے مخالف ہیں؛ وفاقی وزیر اطلاعات

8

اسلام آباد،19ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپنے آپ کو تنازعات سے الگ کریں، ان کے رویئے پر تحفظات ہیں، ای وی ایم کے خلاف چلائی جانے والی مہم سے لگتا ہے چیف الیکشن کمشنر انتخابی اصلاحات کے مخالف ہیں۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ وہ کابینہ اور حکومت کے فیصلے عوام تک پہنچاتے ہیں، پریس کانفرنس میں وہ جو بھی بات کرتے ہیں وہ حکومت کا موقف ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کے بارے میں الیکشن کمشنر کے رویئے پر ہمیں بہت سے تحفظات ہیں، یہ بات دیکھی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حق میں مثبت ڈیٹا کو ضائع کیا اور ایسے اعتراضات لگائے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں ای وی ایم کے خلاف رپورٹ دینی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمارٹ میٹک کمپنی نے الیکشن کمیشن کو پریزنٹیشن دی، اس نے مختلف ممالک میں استعمال ہونے والے ای وی ایم کے ڈیٹا کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا۔