پاکستان میں ہر شخص اس بات سے متفق ہے کہ موجود الیکشن سسٹم میں تبدیلی کی ضرورت پر ہے؛ چوہدری فواد حسین

11

اسلام آباد،19ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر شخص  اس بات سے متفق ہے کہ موجود الیکشن سسٹم میں تبدیلی کی ضرورت پر  ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ 2011ءسے یہ مسلسل بحث ہو رہی ہے کہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے ای وی ایم پر جانا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 37 اعتراضات لگائے ان میں سے 10 اعتراضات ای وی ایم کے بارے میں تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ایسے معلوم ہوتا ہے کہ الیکشن کمشنر اپوزیشن کی زبان بول رہے ہیں، ای وی ایم کو جس طریقے سے ڈس کریڈٹ کرنے کے لئے مہم چلائی جا رہی ہے، اس سے صاف ظاہر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ان اصلاحات کے مخالف ہیں جو حکومت لانا چاہتی ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو بھی الیکشن کروائے وہ متنازعہ رہے، جہاں جو امیدوار ہارا اس نے یہی کہا کہ الیکشن صحیح نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی رائے لے آئیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں اور کس طرح انتخابات کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران آگے بڑھیں اور الیکشن کمشنر کے فیصلوں کا خود جائزہ لیں۔