طالبان کی صفوں میں اختلاف کا کوئی تصور نہیں؛ افغان عبوری حکومت کے معاون وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد

14

اسلام آباد، 27  ستمبر  (اے پی پی ):افغان عبوری حکومت کے معاون وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کی صفوں میں اختلاف کا کوئی تصور نہیں ہے ۔انہوں  نے کہا کہ  اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں کئی ممالک نے امریکہ اور عالمی برادری کے سامنے ہمارے حق میں آواز اٹھائی ہے، 6 روز قبل چین اور روس نے بھی ہماری حکومت کے حق میں بات کی، قطر، ازبکستان اور بعض دیگر ممالک نے بھی مثبت موقف اپنایا، پاکستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے اس کا موقف بھی قابل تحسین ہے، پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ اچھے روابط قائم کرے، ہم اس موقف پر پاکستان کے مشکور ہیں، افغانستان کے ساتھ عالمی برادری کے روابط ضروری ہیں۔

 ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تعلقات بھی انتہائی اہم ہیں، افغانستان کو تجارت اور اقتصادی امور سمیت تمام شعبوں میں ہمسایہ ممالک کی ضرورت ہے، ہمیں توقع ہے کہ ہمسایہ ممالک عالمی سطح پر افغانستان سے متعل اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجشیر میں لڑائی ختم ہو چکی ہے، بیشتر مقامی عمائدین، علمائے کرام اور مجاہدین ہمارے ساتھ ہیں، ہم کسی کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے، اگر کوئی گروہ لڑائی کی خواہش رکھتا ہے یا وہ حملے کی کوشش کرتا ہے تو سخت جواب دیا جائے گا، ملک میں امن ہو تو افغان ایک دوسرے سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ افغان قوم ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرے، ہم چاہتے ہیں کہ اب تعمیری کام ہوں، سڑکیں اور پل بنیں اور لوگوں کیلئے گھر بنائیں، ملکی ادارے فعال ہو چکے ہیں کوشش ہے کہ مالیاتی نظام میں شفافیت لائیں۔