اٹک،03 ستمبر (اے پی پی)ڈپٹی کمشنر اٹک عمران خان حامد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے اقدامات کے تحت خصوصی افراد کو کمرشل ٹرانسپورٹ میں کرایہ پر 50 فیصد رعایت حاصل ہوگی،صحافیوں کو بھی ایکرڈیڈیشن کارڈ کی بنیاد پر پبلک ٹرانسپورٹ میں رعایت دی جائیگی،وہ جمعہ کو جنرل بس اسٹینڈ اٹک پر خصوصی افراد کو کمرشل ٹرانسپورٹ میں 50فیصد رعایت دینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مرضیہ سلیم، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ظہیر احمد خان، فوکل پرسن برائے خصوصی افراد محمد نیاز اور دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے، ڈی سی اٹک نے کہا کہ خصوصی افراد کیلئے کرایوں میں کمی کا حکم عدالت عالیہ کی طرف سے بھی جاری کیاگیا ہے جوضلع بھر میں فوری طور پر نافذالعمل ہوگا، اس حکم پر عملدرآمد نہ کرنے والے ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے اڈا مینیجرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ کام ثواب اور صدقہ جاریہ کی نیت سے کریں اور اللہ کی خوشنودی حاصل کریں،میڈیا کی جانب سے کرایہ نامہ کے سوال پر ڈی سی اٹک نے کہا کہ بہت جلد سیکرٹری آر ٹی اے ضلع بھر میں کرایہ نامہ آویزاں کروائیں گے اور اس پر عمل درآمد بھی ممکن بنایا جائے گا، اس ضمن میں ٹرانسپورٹرز کے بھی جائز مطالبات سنے جائیں گے اور ان کو تسلیم کیا جائے گا،۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ کرایوں پر عمل نہ کرنے کی صورت میں بھاری جرمانے عائد کئے جائینگے، فوکل پرسن برائے خصوصی افراد محمد نیاز نے اس موقع پر کہا کہ وہ 2013 سے اس کوشش میں تھے کہ خصوصی افراد کو کمرشل کرایوں میں رعایت دی جائے اور اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے احکامات جاری کیے جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔











