سکھر:بیگم نصرت بھٹو وومین یونیورسٹی میں پچاس روزہ گو گرین سوسائٹی مقابلہ کا انعقاد 

26

سکھر،29ستمبر(اے پی پی ):بیگم نصرت بھٹو وومین یونیورسٹی نے ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے شعور اجاگر کرنے کی مہم شروع کردی ہے جس کے تحت پچاس روزہ گو گرین سوسائٹی مقابلہ کا انعقاد کیا گیاہے ، اس مقابلہ میں یونیورسٹی کی تمام شعبہ جات کی طالبات حصہ لے رہی ہیں،انہوں نے یونیورسٹی کے غیرآباد حصے میں پودے لگانے اور ان کی دیکھ بھال کا کام شروع کردیاہے۔

سکھر روہڑی میں قائم سندھ کی یہ پہلی وومین یونیورسٹی ہے جہاں اب تک 89 سے زائد مختلف اقسام کے پودے لگادیئے گئے ہیں, طالبات کا اس حوالے سے جوش قابل دید ہے۔

اس موقع پر طالبات کا کہنا ہے کہ اس وقت ہمارے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے پودے اور درخت لگانا ضروری ہیں،یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد قابل ستائش ہے۔ یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین نے طالبات کے لگائے گئے پودوں کا معائنہ بھی کیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ اس مقابلہ کا مقصد طالبات کو سوشل ریسپانسبیلٹی کی طرف لے جانا ہے کیونکہ ہم صرف ان کی پڑھائی کی طرف تو توجہ دیتے ہیں لیکن ان کے اندر جو صلاحیتیں ہیں انہیں باہر لانے کے لیے کوئی کام نہیں کرتے، دوسرا مقصد اس مقابلے سے ان میں ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کا احساس بھی دلانا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی جانب سے آئندہ بھی اس طرح کے مقابلوں اور پروگرامز کا انعقاد جاتا رہے گا۔