سکھر،19 ستمبر( اے پی پی): سول اسپتال اسکن ڈپارٹمنٹ میں اچانک آگ لگ گئی ، ٹرانسفارمر سمیت دیگر سامان جل کر خاکستر ، فائر ٹینڈر نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔
سکھر کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال سردار غلام محمد مہر میڈیکل کالج اینڈ اسپتال( سول اسپتال ) کے اسکن ڈپارٹمنٹ میں پرسرار طور پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ڈپارٹمنٹ میں موجود قیمتی سامان کو جلا ڈالا، آگ کے شعلے قریبی لگے ہوئے ٹرانسفارمر کو بھی اپنی لپٹ میں لے آئے اور ٹرانسفارمر بھی جل گیا۔
مقامی افراد نے آگ لگنے کی فوری اطلاع قریبی فائر اسٹیشن کو دی فائر ٹینڈر نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ کو کنٹرول کر لیا ، اسپتال زرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہے ، ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث سول اسپتال اور قریبی علاقے کی بجلی بند ہو گئی ہے ۔