اسلام آباد ،30ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ محرم اور چہلم پورے ملک میں امن و امان سے گزرا، سیکیورٹی کے تمام اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، ہندوستان مسلسل سازشیں کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ الحمداللہ محرم الحرام اور چہلم پر مثالی انتطامات پر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، ان انتطامات پر دشمن کو سخت مایوسی ہوئی ، محرم الحرام میں دشمن ممالک کا ٹارگٹ تھا کہ تشدد یا فرقہ وارانہ فسادہو لیکن ایسا نہ ہوا، ہندوستان مسلمانوں پر جو مظالم کررہا ہے اس پر انڈین مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بہت اچھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان مسلسل پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے ،اس دفعہ افغانستان کی صورتحال مختلف تھی ۔ہندوستان کی کوشش تھی امن و امان کی صورتحال خراب ہومگر اس کو ناکامی ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ انڈیا مسلسل اقلیتوں پر ظلم کر رہا ہے ، آئل پیکج دینے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،پہلے کویت کے ویزے بند تھے اب کویت میں ہمارے لوگوں کا جانا شروع ہوگیا ہے ، امر یکا اپنی ہزیمت کا ملبہ ڈالنا چاہتا ہے تو پاکستان اس کا مقابلہ کرے گا ، پاکستان میں اتحاد اور اتفاق سے آگے چلیں گے ،ہندوستان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے ۔