ملتان، 25 ستمبر (اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے ہفتہ کو یہاں متی تل کا دورہ کیا ہے اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بریفنگ دی۔
کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بلڈنگ کو مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل کیا جائے گا ، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تمام انتظامی محکموں کا پیپر لیس جدید سیٹ اپ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا چاہتی ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مالی اور انتظامی طور پر اختیارات دے دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رولز آف بزنس کی منظوری کے بعد خدمت کا سفر مزید تیز کرینگے
کمشنر نے کہا کہ سیکرٹریٹ منصوبے کی تکمیل کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کررہے ہیں ، حکومت پنجاب نے اس خطے کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ دیا ۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے گڈ گورننس کا وژن پورا ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ضلعی انتظامیہ نے لینڈ ایکوزیشن سمیت تمام ریونیو مراحل ریکارڈ مدت میں مکمل کئے ہیں ،سیکرٹریٹ بلڈنگ میں جدید تعمیراتی تقاضوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن رضوان قدیر اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود بھی موجود تھے۔











