ملتان؛مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال،کارڈیالوجی سنٹر توسیع سمیت متعدد صحت کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری

24

ملتان، 24 ستمبر (اے پی پی): شہر اولیاء میں صحت کے میگا منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال،کارڈیالوجی سنٹر توسیع سمیت متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری و ساری ہے۔

 کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد، ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے تمام منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی دورے شروع کر دئیے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی سہل فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں ، صحت کے شعبے میں بہتری پر وزیراعلیٰ پنجاب کی خاص توجہ ہے۔

 کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا ، مقرر وقت میں سکیموں کی تکمیل سے عوام کے ٹیکس کا پیسہ بچایا جائے۔

 ڈپٹی کمشنر نے سکیموں کی تکمیل کیساتھ ہی مشینوں کے ٹینڈر کھولنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عمارت کی تعمیر مکمل ہوتے ہی مشینری انسٹال کی جائے اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیموں کی تکمیل مقررہ وقت میں یقینی بنائی جائے۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3 ارب روپے سے زائد لاگت کے ہسپتال کو اپریل 2023 تک مکمل کرلیا جائے گا ، مدر اینڈ چائلڈ کئیر کی پائلنگ کا کام شروع کردیا گیا ہے، ہسپتال کی بیرونی سڑک کی سکیم سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے۔ بی سی جی چوک تا ڈبل پھاٹک سڑک کی اپ گریڈیشن 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کارڈیالوجی ہسپتال کی او پی ڈی رواں سال دسمبر میں فعال کردی جائے گی، 3 ارب روپے کی لاگت سے کارڈیالوجی ہسپتال توسیعی منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے، کارڈیالوجی ہسپتال نیو بلاک کی تعممیر سے 208 بیڈز کا اضافہ ہوگا۔

بتایا گیا کہ میڈیسن سٹوریج بلڈنگ منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل ہوگا، 6کنال10 مرلہ پر مشتمل منصوبہ پر 29 کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔

ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ملٹی سٹوری میڈیسن سٹوریج بلڈنگ اپنی طرز کا جدید منصوبہ ہے۔ ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی بھی انکے ہمراہ تھے۔