ملتان، 20 ستمبر (اے پی پی ): ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا نے کہا ہے کہ پی ایچ اے ملتان نے جناح پارک کی بحالی کے لئے مکمل تخمینہ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔مختلف ٹینڈرز کے ذریعے پارک کی بحالی کے لئے کام کیا جائے گا،پارک میں کھیلوں کے لئے بھی جگہ مختص کی جائے گی۔ مختلف جگہوں کی مکمل ازسرِنو تعمیرکی جائے گی۔ اس سلسلے میں انجینئرنگ برانچ نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا نے وزیرِ مملکت ملک عامر ڈوگر کے ہمراہ انڈسٹریل اسٹیٹ گرین بیلٹ اور پی ایچ اے ہیڈ آفس میں جناح پارک کی بحالی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جناح پارک کو خوبصورت بنائیں گے جس کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بھی پارک میں مختلف امور سرانجام دیں گے۔ پارک میں ترقیاتی کاموں کا تخمینہ لگا کر بتدریج ٹینڈر کر کے پارک کو بحال کیا جائے گا۔کھیلوں کے لئے بھی جگہ مخصوص کی جائے گی۔
چیئرمین پی ایچ اعجاز حسین جنجوعہ نے مزید کہا کہ شہر کے دیگر پارکوں میں بھی ترقیاتی کام جاری ہے جسے جلد از جلدمکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمیں پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ،ڈائریکٹر انجینئرنگ نذیر چغتائی، ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ محمد اسامہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر حافظ نعیم عباس بھی موجود تھے۔