اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، کسی دہشت گردتنظیم نے سراٹھایا تو اس کو کچل کر رکھ دیں گے،ای پاسپورٹ پر کام ہو رہا ہے اور پاکستان اس حوالے سے پہلا ملک ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزارت داخلہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ سیریز سبوتاژ کرنے کے افسانے کی حقیقت کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دستانے والے ہاتھ پاکستان کونقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، انہیں پوری دنیا کے سامنے لائیں گے۔